امریکا میں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن شروع

لاس اینجلس، واشنگٹن،م اور شکاگو میں بھی آپریشن ہوگا
رائیٹرز کے مطابق امریکی امیگریشن حکام نے نیو اورلینز میں غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کو گرفتار کرنے کے لیے آپریشن شروع کر دیا ہے۔ وفاقی حکام کے مطابق یہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی امیگریشن کریک ڈاؤن مہم کے تحت نشانہ بننے والا تازہ ترین شہر ہے۔
امریکی محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی نے کہا ہے کہ یہ کارروائی ان مجرموں کو ہدف بنائے گی جو مقامی پولیس کی حراست سے رہا ہو گئے تھے، کیونکہ شہر کی پالیسیوں کے تحت وفاقی امیگریشن حکام کے ساتھ تعاون محدود ہے۔
صدر ٹرمپ، جو ریپبلکن پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں، نے ملک بھر کے ڈیموکریٹک قیادت والے شہروں میں ایسے آپریشنز کا حکم دیا ہے، جن میں لاس اینجلس، شکاگو اور واشنگٹن ڈی سی شامل ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد ملک بدری کی شرح کو ریکارڈ سطح تک پہنچانا ہے۔
نیو اورلینز کی میئر لاٹوییا کانٹریل کے دفتر اور پولیس ڈیپارٹمنٹ نے اس معاملے پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔
دوسری جانب لوئیزیانا کے گورنر جیف لینڈری، جو ریپبلکن ہیں، نے وفاقی امیگریشن اقدامات کی حمایت کی ہے اور بدھ کو مقامی ریڈیو کو دیے گئے انٹرویو میں ایک بار پھر اس موقف کو دہرایا۔ تاہم ان کے دفتر نے بھی مزید تبصرے سے گریز کیا۔
