اے آئی سے روزگار ملے گا بھی اور ختم بھی ہوگا

اسی سی او گوگل کی پیشگوئی نئی نوکریاں بھی بنیں گی
ٹیکنالوجی کمپنیوں کے رہنماؤں میں اس بات پر مختلف رائے پائی جاتی ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) لوگوں کی ملازمتوں پر کتنا اثر ڈالے گی۔
گوگل کے سی ای او سندر پچائی نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ اے آئی ایک ایسی ٹیکنالوجی ہے جو دنیا بھر میں تمام شعبوں کو بدل سکتی ہے، اس لیے ہر فرد کو اس کے مطابق خود کو تیار کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اے آئی سے ان کی اپنی نوکری بھی متاثر ہوسکتی ہے۔
سندر پچائی کا کہنا تھا کہ اے آئی انسانی تاریخ کی سب سے اہم ٹیکنالوجی ہے، اس میں بے شمار فائدے ہیں، اور ہمیں سماجی تبدیلیوں کے باوجود اس پر کام جاری رکھنا ہوگا۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ اے آئی سے نئے مواقع پیدا ہوں گے، مگر کچھ نوکریاں ختم بھی ہوسکتی ہیں۔ ان کے مطابق لوگوں کو خود کو بدلتے وقت کے مطابق ڈھالنا ہوگا۔
انہوں نے مشورہ دیا کہ استاد ہوں، ڈاکٹر ہوں یا کسی بھی شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد—سب کو اے آئی ٹولز کے بارے میں سیکھنا چاہیے، کیونکہ اب کوئی بھی پیشہ مکمل طور پر محفوظ نہیں کہ اے آئی اسے متاثر نہیں کرے گی۔
سندر پچائی کا کہنا تھا کہ نوجوانوں اور بچوں کو اس ٹیکنالوجی کو سیکھنے کی ترغیب دینا ضروری ہے تاکہ وہ مستقبل میں کامیاب ہوسکیں۔
