سری لنکا میں ریسکیو آپریشن: پاکستانی اور انڈین افواج دشمنی بھلا کر انسانیت کی خدمت میں مصروف

سوشل میڈیا پر چرچہ
سری لنکا میں سمندری طوفان کے بعد جاری ریلیف اور ریسکیو آپریشنز میں پاکستان اور انڈیا کی افواج نے مشترکہ اور بھرپور کوششیں کی ہیں۔
پاکستان کی فوج نے بتایا کہ وہ ہیلی کاپٹرز کے ذریعے سیلاب میں پھنسے افراد کو نکال رہی ہے اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان بھی فراہم کر رہی ہے۔
اسی دوران انڈیا کی فضائیہ اور نیوی بھی سری لنکا میں ریلیف اور ریسکیو آپریشنز میں حصہ لے رہی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ متاثرہ افراد کو بچایا جا سکے۔
سری لنکا کے شہری شانے پریا وکرما نے اس اقدام پر کہا کہ ایک مقصد نے پرانے دشمنوں کو اکھٹا کر دیا ہے، شکریہ بھائیوں۔ ان کا اشارہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان دیرینہ اختلافات اور حالیہ تنازع کی طرف تھا۔
سوشل میڈیا صارفین نے دونوں حریف ممالک کی افواج کی شمولیت کو مثبت اقدام قرار دیا ہے۔ کئی افراد کا کہنا ہے کہ یہ ایک چھوٹا قدم لگ سکتا ہے، لیکن اس کی علامتی اہمیت بہت زیادہ ہے، کیونکہ یہ جنوبی ایشیا میں دیرینہ دشمنیوں کے باوجود انسانی ہمدردی اور تعاون کی ایک مثال ہے۔
عالمی مبصرین کا کہنا ہے کہ پاکستان اور انڈیا کا یہ مشترکہ اقدام خطے میں تعاون اور امن کی ایک مثبت نشانی ہے، جو قدرتی آفات کے دوران انسانیت کو مقدم رکھنے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
سری لنکا میں آنے والے اس قدرتی طوفان نے ملک میں شدید تباہی مچائی ہے۔ حکام کے مطابق طوفان میں 390 افراد ہلاک اور 352 لاپتہ ہو گئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور ریسکیو ٹیمیں پھنسے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے دن رات کام کر رہی ہیں۔
