ٹرمپ نے BBCکیخلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کردیا

پانچ ارب ڈالر ہرجانے کا مطالبہ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کر دیا۔ یہ مقدمہ امریکی ریاست فلوریڈا کی عدالت میں دائر کیا گیا ہے، جس میں ٹرمپ نے بی بی سی سے 5 ارب ڈالر ہرجانے کا مطالبہ کیا ہے۔
ٹرمپ کا موقف ہے کہ بی بی سی نے ان کی 6 جنوری 2021 کی تقریر کا ایڈٹ شدہ کلپ نشر کیا، جسے سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔ ان کے مطابق اس عمل سے ان کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا۔
بی بی سی نے اپنی ایک ڈاکیومنٹری میں ٹرمپ کی تقریر کے مختلف حصوں کو جوڑ کر یہ تاثر دیا کہ انہوں نے اپنے حامیوں کو براہِ راست کیپیٹل کی جانب مارچ کرنے اور لڑنے کی ہدایت دی۔ حقیقت میں یہ جملے تقریر کے مختلف حصوں سے لیے گئے تھے، جو تقریباً ایک گھنٹے کے وقفے سے ادا کیے گئے تھے۔
بی بی سی نے بعد میں اس عمل کو غلط قرار دیتے ہوئے ٹرمپ سے معذرت بھی کی۔ ادارے نے تسلیم کیا کہ تقریر کے حصوں کو اس انداز میں جوڑنے سے یہ غلط تاثر پیدا ہوا کہ ٹرمپ نے تشدد پر اکسانے کی اپیل کی تھی۔
اس معاملے کے نتیجے میں بی بی سی کے ڈائریکٹر جنرل ٹم ڈیوی اور بی بی سی نیوز کی سربراہ ڈیبورا ٹرنز نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا۔
ٹرمپ کے وکلا کا کہنا ہے کہ یہ مقدمہ نہ صرف ان کی ساکھ کی بحالی کے لیے ہے بلکہ میڈیا اداروں کو یہ پیغام دینے کے لیے بھی ہے کہ کسی بھی سیاسی رہنما کی بات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کرنا سنگین نتائج کا باعث بن سکتا ہے۔
