رونالڈو ’فاسٹ اینڈ فیورس‘ سیریز کی اگلی فلم میں جوہر دکھائیں گے؟

رونالڈو اور ون ڈیزل کی ملاقات سے مداح پرجوش
ہالی ووڈ کی مشہور ایکشن فلم سیریز فاسٹ اینڈ فیورس میں فٹبال کے عالمی سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کی شمولیت کے امکانات پر قیاس آرائیاں زور پکڑ گئی ہیں۔ فلم کے مرکزی اداکار وِن ڈیزل نے ایک دلچسپ اشارہ دے کر مداحوں کو مزید پُرجوش کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فرنچائز کی اگلی فلم فاسٹ اینڈ فیورس 11 کا ممکنہ نام فاسٹ فارایور (Fast Forever) رکھا گیا ہے۔ یہ فلم 2001ء میں شروع ہونے والی اس مشہور سیریز کا آخری باب قرار دی جا رہی ہے۔
اگرچہ پروڈکشن میں تاخیر کا سامنا رہا ہے، لیکن فلم کو 2026ء میں ریلیز کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس تاخیر کے باعث رونالڈو کی شمولیت کے امکانات مزید بڑھ گئے ہیں، کیونکہ فلم سازوں کو نئے کرداروں کے لیے وقت اور گنجائش مل گئی ہے۔
وِن ڈیزل نے انسٹاگرام پر رونالڈو کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کی اور کیپشن میں لکھا "سب پوچھ رہے تھے کیا وہ فاسٹ مِتھالوجی کا حصہ ہوں گے؟ میں بتاتا چلوں، وہ واقعی اصل ہیں، ہم نے ان کے لیے ایک کردار لکھ دیا ہے۔
اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کا جوش دیدنی تھا۔ ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ "جی ٹی اے 6 سے پہلے فاسٹ ایکس میں رونالڈو کا آنا ناقابلِ یقین ہے"، جبکہ ایک اور نے لکھا کہ "دنیا اگلی فاسٹ مِتھالوجی دیکھنے کے لیے بےچین ہے۔"
رونالڈو کی ممکنہ شمولیت کو مداح ایک "حیران کن کراس اوور" قرار دے رہے ہیں۔
فٹبال کے میدان کے عالمی اسٹار کو ایکشن فلم میں دیکھنے کا خیال ہی مداحوں کو بے حد پرجوش کر رہا ہے۔ اگر رونالڈو واقعی اس فلم کا حصہ بنتے ہیں تو یہ فاسٹ اینڈ فیورس فرنچائز کی تاریخ کا سب سے بڑا سرپرائز ہوگا۔
