ترکیہ میں طیارہ حادثے کا شکار، لبیا کے فوجی سربراہ سمیت 5 افراد جاں بحق

ترکیہ میں ایک افسوسناک فضائی حادثہ پیش آیا ہے جہاں انقرہ کے ایسن بوغا ایئرپورٹ سے لیبیا کے دارالحکومت طرابلس کے لیے روانہ ہونے والا طیارہ اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد گر کر تباہ ہوگیا۔
حادثے میں لیبیا کے چیف آف اسٹاف جنرل محمد علی الحداد سمیت طیارے میں سوار تمام 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق طیارے نے شام 8 بج کر 10 منٹ پر اڑان بھری، تاہم تقریباً 30 منٹ بعد اچانک تکنیکی خرابی کے باعث طیارے کا ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہوگیا، رابطہ ختم ہونے کے بعد طیارے نے انقرہ واپس آنے کی کوشش کی، لیکن لینڈنگ سے قبل ہی حیمانہ کے قریب حادثے کا شکار ہوگیا۔
ترک وزارت داخلہ کے مطابق شام 8 بج کر 52 منٹ پر طیارے سے آخری رابطہ ہوا، جس میں ہنگامی لینڈنگ کی اطلاع دی گئی تھی، تاہم اس کے بعد دوبارہ کوئی رابطہ قائم نہ ہو سکا۔
لیبیا کے وزیراعظم عبدالحمید الدبیبہ نے فوجی سربراہ کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
رپورٹس کے مطابق جنرل محمد علی الحداد ترکیہ کے دورے پر تھے جہاں انہوں نے ترک وزیر دفاع سے ملاقات کی جس کے بعد وطن واپسی کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔
واقعے کے بعد ترکیہ نے احتیاطی تدابیر کے طور پر فضائی حدود عارضی طور پر بند کر دیں جبکہ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں اور سکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
