کراچی: کورنگی میں مین ہول میں گرکر جاں بحق ہونے والے ننھے دلبر کی تدفین، ڈپٹی میئر کی متاثرہ خاندان سے تعزیت

10روز قبل یوسی چیئرمین کو ڈھکن دیے گئے تھے: ڈپٹی میئر کا دعویٰ
کراچی کے علاقے کورنگی میں کھلے مین ہول میں گرنے سے جاں بحق ہونے والے کم عمر بچے کی نمازِ جنازہ ادا کرنے کے بعد تدفین کر دی گئی۔
دلبر نامی یہ بچہ والدین کا اکلوتا بیٹا تھا جو گھر کے باہر کھیلتے ہوئے گٹر میں جا گرا۔ چچا نے اپنی مدد آپ کے تحت لاش نکالی۔ اس المناک حادثے نے والدین کو غم سے نڈھال کر دیا۔
ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے متاثرہ خاندان کے گھر پہنچ کر ان سے تعزیت کی۔ انہوں نے کہا کہ گٹروں کے ڈھکن لگانے کے لیے ہر یونین کونسل کو ایک لاکھ روپے فراہم کیے گئے تھے اور دس روز قبل یو سی چیئرمین کو ڈھکن بھی دیے گئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سانحے کے ذمہ داروں کو سخت سزا دی جائے گی۔
دوسری جانب جب پی ٹی آئی ٹاؤن چیئرمین گوہر خٹک کورنگی پہنچے تو علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا۔
اس موقع پر گوہر خٹک نے کہا کہ انہیں گٹروں کے لیے کوئی ڈھکن فراہم نہیں کیا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر یہ ثابت ہو جائے کہ ڈھکن دیے گئے تھے تو وہ سیاست چھوڑنے کے لیے تیار ہیں۔
