ہمارے فیلڈ مارشل کا نام سن کر مودی چُھپ جاتا ہے: بلاول بھٹو زرداری

’جن طیاروں نے بھارتی جہاز گرائے وہ صدر زرداری نے منگوائے تھے‘
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ صدر زرداری نے چین سے وہ طیارے منگوائے جس نے بھارت کے 6 جہاز گرا کر جنگ میں کامیابی حاصل کی، بلاول بھٹو
گڑھی خدا بخش میں شہید بےنظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ اس سال کی سب سے بڑی کامیابی جنگ کے میدان میں بھارت کو شکست دینا ہے اور بھارت کے خلاف جنگ میں کامیابی پوری قوم کی جیت ہے۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ گڑھی خدا بخش کی قربانی کی وجہ سے پاکستان ایٹمی قوت بنا، میزائل ٹیکنالوجی ملی، صدر زرداری کی وجہ سے چین اور پاکستان کی دوستی میں مزید اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے فیلڈ مارشل کا نام سن کر بھارت کا مودی چھپ جاتا ہے، بھارتی وزیراعظم آج دنیا کے اسٹیج سے غائب ہوگیا ہے، پاکستان کی ایئرفورس کی بھی بہت بڑی کامیابی ہے۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہماری معیشت ترقی کر رہی ہے، بانی پی ٹی آئی کے دور کے مقابلے میں مہنگائی کی شرح میں کمی آئی ہے، عوام ہم سے پوچھتے ہیں یہ معاشی ترقی ہمیں کب نظر آئے گی؟
انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کا آخری پیغام مفاہمت کا تھا، بے نظیر بھٹو نے اپنی آخری کتاب بھی مفاہمت پر لکھی، سیاسی بحران سے نکالنے کے لیے مفاہمت کی ضرورت ہوگی، مفاہمت کو کامیاب ہونے کے لیے سیاسی انتہا پسندی کو چھوڑنا ہوگا، سیاسی کارکنوں کو سیاست کو واپس سیاست کے دائرے میں لے کر آنا پڑے گا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ 9 مئی جیسے حملے، اداروں کو گالیاں دینا، یہ سیاست کے دائرے میں نہیں ہوتے، ہم نے سیاسی اختلاف کیا اور کامیاب بھی ہوئے، بےنظیر بھٹو نے سیاسی انتہا پسندی کو رد کیا، بےنظیر کی شہادت پر پورے پاکستان میں آگ لگی ہوئی تھی، پورے ملک میں نہ کھپے کے نعرے لگ رہے تھے آصف زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر وفاق کو بچایا اور آمر کو بھی بھگایا۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی تقسیم میں ہماری سیاست اور جمہوریت، معیشت اور قومی سلامتی کو نقصان ہو رہا ہے، پاکستان کو سیاسی بحران سے نکالنا ہے تاکہ معاشی بحران سے نکل سکیں، اگر مشکلات کا حل نکالنا ہے تو سیاسی قوتوں کو سیاسی راستہ نکالنا ہوگا۔
