لیاری میں عمارت گرنے کے سانحے کے بعد ہٹائے گئے ڈی جی ایس بی سی اے محمد اسحاق کھوڑو بحال

چیف سیکریٹری سندھ نے کلین چٹ دیدی
کراچی: حکومت سندھ لیاری میں عمارت سانحے کے بعد ہٹائے گئے ڈی جی ایس بی سی اے محمد اسحاق کھوڑو پر مہربان، عہدے پر دوبارہ بحال کردیا، نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
لیاری میں مخدوش عمارت گرنے کے سانحے کے بعد اس وقت کے ڈی جی ایس بی سی اے محمد اسحاق کھوڑو کو ہٹا دیا گیا تھا۔ تاہم ذرائع کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ نے ذاتی طور پر ہیئرنگ کرکے محمد اسحاق کھوڑو کو کلین چٹ دے دی اور عہدے پر بحال کردیا۔
محکمہ سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن اور کو آرڈی نیشن کے سیکشن افسر ون غلام عباس ملک کے دستخط سے محمد اسحاق کھوڑو کو دوبارہ ڈی جی ایس بی سی اے مقرر کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق لیاری میں عمارت گرنے کے سانحے سے متعلق اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی بنائی گئی تھی، لیکن کمیٹی رپورٹ کو منظر عام پر لانے کے بجائے سرد خانے حوالے کردی گئی تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ محمد اسحاق کھوڑو متعدد بار ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈینگ کنٹرول اتھارٹی کے عہدے پر براجمان رہ چکے ہیں، لیاری عمارت سانحے کے بعد عہدے سے ہٹایا گیا تو انہوں نے بحالی کے لیے کوششیں تیز کردیں،
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ محمد اسحاق کھوڑو کی بحالی میں چیف سیکریٹری سید آصف حیدر شاہ اور وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے اہم کردیا ادا کیا۔
خیال رہے جون 2025ع میں لیاری میں پانچ منزلہ مخدوش عمارت گرنے کے باعث 27 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
