کراچی والو! گاڑی اپنے نام کروا لو، ورنہ قانونی کارروائی کیلئے تیار ہوجاؤ

گاڑیاں بلیک لسٹ
کراچی میں گاڑیاں اپنے نام نہ کروانے والوں کا گھیرا تنگ
ٹریفک پولیس نے اوپن لیٹرپر چلنے والی گاڑیوں کو بلیک لسٹ کرنا شروع کردیا۔
کراچی: سندھ کے دارالخلافہ کراچی میں گاڑیاں اپنے نام نہ کروانے والے شہری ہوشیار ہوجائیں، ٹریفک پولیس نے اوپن لیٹرپر چلنے والی گاڑیوں کو بلیک لسٹ کرنا شروع کردیا۔
ٹریفک پولیس حکام کے مطابق کراچی کی ایک ہزار سے زائد گاڑیاں بلیک لسٹ کردی گئی ہیں، ایک ہزار سے زائد شہریوں نے چالان ملنے پر سہولت مراکز سے رابطے کیے، انہوں نے بتایا کہ وہ اپنی گاڑی یا موٹر سائیکل فروخت کرچکے ہیں، تاہم خریدنے والے نے ابھی تک اپنے نام نہیں کروائی۔
ٹریفک حکام کے مطابق ٹریفک پولیس نے درخواستیں جمع کرکے ان گاڑیوں کو بلیک لسٹ کردیا ہے، شہر میں ایسی گاڑیاں جہاں بھی نظر آئیں انہیں ضبط کرلی جائیں گی۔ چالان کی ادائیگی اور ایکسائز میں رجسٹرڈ کروانے کے بعد واپس مل سکیں گی۔ اس لیے شہری اپنی گاڑیاں جلد از جلد اپنے نام کروالیں۔
