ایلون مسک سرخرو، امریکی عدالت نے تاریخ کا مہنگا ترین تنخواہ پیکج بحال کر دیا

واشنگٹن: امریکا کی ایک اعلیٰ عدالت نے ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایلون مسک کے حق میں بڑا فیصلہ سناتے ہوئے ان کا تاریخی تنخواہ پیکج بحال کر دیا ہے، جسے کارپوریٹ دنیا کا اب تک کا سب سے مہنگا معاوضہ پیکج قرار دیا جا رہا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق عدالت نے 2018 میں ٹیسلا کی جانب سے منظور کیے گئے ایلون مسک کے اسٹاک آپشنز پر مشتمل تنخواہ پیکج کو قانونی قرار دیتے ہوئے نچلی عدالت کا فیصلہ کالعدم کر دیا۔
عدالت کا کہنا تھا کہ یہ پیکج کمپنی کی غیر معمولی کارکردگی اور مسک کی قیادت کے تحت حاصل کی گئی کامیابیوں سے مشروط تھا,یہ تنخواہ پیکج ابتدا میں تقریباً 56 ارب ڈالر مالیت کا تھا، تاہم ٹیسلا کے شیئرز کی قیمت میں اضافے کے بعد اس کی موجودہ قدر 100 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے۔
ایلون مسک کے وکلا نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے تسلیم کیا ہے کہ مسک نے ٹیسلا کو دیوالیہ پن کے خدشات سے نکال کر دنیا کی سب سے بڑی الیکٹرک گاڑی ساز کمپنیوں میں شامل کیا۔
دوسری جانب تنخواہ پیکج کے مخالف شیئر ہولڈرز کا مؤقف تھا کہ یہ معاوضہ حد سے زیادہ ہے، تاہم عدالت نے ان اعتراضات کو مسترد کر دیا۔
عدالتی فیصلے کے بعد ٹیسلا کے شیئرز میں بہتری دیکھی گئی جبکہ ایلون مسک ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں اپنی پوزیشن مضبوط کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
