دلچسپ کہانی، پاکستانی لڑکی شادی کے بہانے چینی شہری کو فروخت

17 لاکھ روپے ادا کیے گئے
راولپنڈی میں ایک افسوسناک واقعے میں پاکستانی لڑکی کو مبینہ طور پر شادی کے جھوٹے وعدے پر چینی شہری کو فروخت کر دیا گیا۔ متاثرہ لڑکی کی ویڈیو بیان منظرِ عام پر آ گیا ہے جبکہ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لڑکی نے سادھوکباد پولیس سے قانونی کارروائی کی درخواست دی ہے۔ اپنے بیان میں اس نے بتایا کہ وہ سادھوکباد کی رہائشی ہے۔ والدین کے انتقال اور طلاق کے بعد وہ ایک خاتون انایا کے ساتھ رہنے لگی۔
متاثرہ لڑکی کے مطابق انایا نے اسے مشورہ دیا کہ چونکہ اس کے والدین فوت ہو چکے ہیں، وہ اس کی شادی ایک چینی شہری سے کروا دے گی تاکہ اسے بہتر زندگی مل سکے۔ لڑکی نے بتایا کہ اس نے سہارا ملنے کی امید پر رضامندی ظاہر کی۔
بعد ازاں انایا نے اس کی شادی ایک چینی شہری سے کروائی، جو اسے اسلام آباد کے علاقے ای-11 لے گیا۔ وہاں دیگر چینی افراد بھی آتے جاتے رہے۔ کچھ عرصے بعد لڑکی کو معلوم ہوا کہ اس کی شادی نہیں ہوئی بلکہ اسے 17 لاکھ روپے میں فروخت کر دیا گیا ہے۔
جب اس نے چینی شہری سے اس بارے میں سوال کیا تو اس نے تصدیق کی کہ اس نے انایا کو 17 لاکھ روپے ادا کیے تھے۔ لڑکی نے بتایا کہ تین ماہ گزر چکے ہیں اور وہ حاملہ ہے۔ تاہم جب اس نے دوا کے لیے رقم مانگی تو چینی شہری نے انکار کر دیا۔
پولیس کے مطابق انایا اور مذکورہ چینی شہری پراسرار طور پر غائب ہو چکے ہیں، اور ان کی تلاش جاری ہے۔
