انٹرنیشنل
متحدہ عرب امارات میں شدید بارشیں، نظامِ زندگی متاثر، الرٹ جاری
EditorStaff Reporter
Dec 18, 2025 · 12:43 PM

بعض علاقوں میں پانی جمع ہوگیا
متحدہ عرب امارات میں موسلادھار بارشوں کے باعث شہریوں کے لیے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق فجیرہ، راس الخیمہ، شارجہ اور دبئی کے مختلف علاقوں میں شدید بارش ہوئی، جس سے نظامِ زندگی متاثر اور بعض علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔
اماراتی پولیس نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے اور الرٹ میں کہا گیا ہے کہ شہری سمندر، پہاڑی اور سیلابی علاقوں سے دور رہیں اور گاڑی چلاتے وقت رفتار کم رکھیں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ آنے والے چند روز میں دبئی اور ابوظبی میں طوفانی بارشیں متوقع ہیں، جس کے پیش نظر بعض اسکولوں میں آن لائن کلاسز کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ موسمی حالات کی نگرانی کرتے رہیں اور محفوظ رہیں۔
