کیا فیض حمید عمران خان کے خلاف سرکاری گواہ بنیں گے؟

فیض حمید کے وکیل کا بڑا بیان سامنے آگیا
سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کے وکیل نے واضح کیا ہے کہ ان کے موکل سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے خلاف کسی بھی مقدمے میں سرکاری گواہ نہیں بن رہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق بیرسٹر میاں علی اشفاق نے ان خبروں کو بے بنیاد اور قیاس آرائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا اور سیاسی حلقوں میں گردش کرنے والی اطلاعات میں کوئی حقیقت نہیں۔
یاد رہے کہ بعض وفاقی وزراء اور سینیٹر فیصل واوڈا بار بار یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ فیض حمید عمران خان کے خلاف گواہی دیں گے۔ ساتھ ہی 9 مئی 2023 کے واقعات کے تناظر میں دونوں کے مبینہ تعلقات پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
بیرسٹر میاں علی اشفاق نے کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ فیض حمید سرکاری گواہ نہیں بنیں گے۔
یاد رہے کہ 9 مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد فوجی تنصیبات پر حملے ہوئے تھے، جنہیں بعض حکومتی وزراء نے عمران خان اور فیض حمید کے مبینہ گٹھ جوڑ کا نتیجہ قرار دیا۔ تاہم فوج کے ترجمان آئی ایس پی آر نے اپنی کسی بریفنگ میں اس تعلق کی تصدیق نہیں کی۔
فوجی عدالت نے فیض حمید کو 14 سال قید کی سزا سنائی، جس کے بعد یہ قیاس آرائیاں مزید زور پکڑ گئیں۔
