آمریکا نے 85ہزار ویزے منسوخ کردیئے، بنیادی وجہ سامنے آگئی

ویزہ منسوخی کا سلسلہ کب تک جاری رہیگا؟
واشنگٹن: امریکا میں امیگریشن قوانین کے سخت کیے جانے کے بعد غیر ملکی افراد کو ویزے لینے میں دشواریوں کا سامنہ کرنا پڑا رہا ہے اور نئی پالیسی کے نفاذ کے بعد جنوری 2024 سے اب تک 85 ہزار ویزے منسوخ کر دیے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق جن کے ویزے منسوخ کیے گئے ہیں ان میں زیادہ تر ویزے مارپیٹ، چوری اور خراب ڈرائیونگ جیسے جرائم میں ملوث افراد کے تھے، جنہیں امریکی شہریوں کے لیے براہِ راست خطرہ قرار دیا گیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے جاری بیان میں کہا کہ ویزوں کی منسوخی کا یہ سلسلہ جاری ہے اور نہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نہ ہی سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو اس کارروائی کو روکنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ پوسٹ میں ٹرمپ کی تصویر بھی شیئر کی گئی جس پر "امریکا کو دوبارہ محفوظ بنائیں" کا نعرہ درج ہے۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ منسوخ کیے گئے ویزوں میں 8 ہزار سے زائد طلبہ کے ویزے بھی شامل ہیں، جو گزشتہ برس کی نسبت دوگنا اضافہ ہے۔
اسی سلسلے میں بھارتی درخواست دہندگان کے لیے بھی بڑی تبدیلی سامنے آئی ہے۔ امریکی سفارت خانے نے بھارت میں اعلان کیا ہے کہ H-1B ویزا سمیت مختلف کیٹیگریز کی اپائٹمنٹ تاریخیں 2026 تک ملتوی کر دی گئی ہیں، جس کے بعد درخواست دہندگان کو نئی تاریخ پر دوبارہ قونصل خانے آنا ہوگا۔
امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ ویزے منسوخ کرنے کی بنیادی وجہ امریکی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے اور ایسے افراد کو داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی جو کسی قسم کے جرائم یا خطرے کا باعث بن سکتے ہوں۔
