چیف آف ڈیفنس فورسز کا منصب جدید جنگی تقاضوں کے عین مطابق ہے۔شہباز

وزیر اعظم کی مبارک باد
چیف آف ڈیفنس فورسز کا منصب جدید جنگی تقاضوں کے عین مطابق ہے۔شہباز شریف
وزیراعظم کی فیلڈ مارشل کو مبارک باد
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو پاکستان کا پہلا چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات کیے جانے پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کا منصب جدید جنگی تقاضوں کے عین مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی بہادر افواج نے دشمن کو عبرتناک انجام سے دوچار کیا اور ملک کی عزت میں اضافہ کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں ’’معرکۂ حق‘‘ میں حاصل ہونے والی شاندار کامیابی نے پاکستان کا وقار عالمی سطح پر بڑھایا اور دنیا بھر میں ملک کا مثبت امیج مضبوط ہوا۔
وزیراعظم نے چیف آف ایئر اسٹاف ظہیر احمد بابر سدھو کو بھی مدتِ ملازمت میں دو سال کی توسیع پر مبارکباد دی اور ان کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ایئرچیف کی قیادت میں پاکستان فضائیہ نے ’’معرکۂ حق‘‘ کے دوران اعلیٰ ترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے جنگی طیارے تباہ کیے اور فضائی برتری ثابت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان کے دفاع، ترقی اور خوشحالی کے لیے ریاست کے تمام ادارے مل کر کام کریں گے، اور قومی سلامتی کو مشترکہ کوششوں سے مزید مضبوط اور ناقابلِ تسخیر بنایا جائے گا۔
