نیشنل
سندھ کبھی ہندوستانی سلطنت کا حصہ نہیں رہا: ترجمان زرداری
EditorStaff Reporter
Nov 24, 2025

صدر آصف علی زرداری کے ترجمان اور سابق وفاقی وزیر مرتضیٰ سولنگی نے بھارت کو یاد دلایا ہے کہ سندھ کبھی ہندوستانی سلطنت کا حصہ نہیں رہا۔
ترجمان صدر مملکت نے بھارتی وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ کے سندھ سے متعلق "گھناؤنے" بیان پر سخت ردعمل ظاہر کیا، مرتضیٰ سولنگی نے ایکس پر لکھا کہ سندھ کی گزشتہ ایک ہزار سال کی تاریخ اس حقیقت کی گواہ ہے کہ سندھ کبھی بھی "امپیریل انڈیا" یا بھارت کا حصہ نہیں رہا۔
انہوں نے لکھا کہ سما، سومرا، کلہوڑا اور تالپور حکمران خاندانوں کا کسی بھی بھارتی سلطنت سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ جب سندھ نے بڑے ڈھانچے کا حصہ بننے کا فیصلہ کیا تو وہ پاکستان تھا۔
واضح رہے کہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ایک تقریب سے خطات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’آج شاید سندھ کی سرزمین انڈیا کا حصہ نہ ہو، لیکن تہذیبی طور پر سندھ ہمیشہ انڈیا کا حصہ رہے گا اور جہاں تک زمین کی بات ہے تو سرحدیں بدل سکتی ہیں۔ کیا پتا کل کو سندھ پھر سے بھارت میں واپس آ جائے۔
بھارت کی انتہا پسند حکمران جماعت بی جے پی کے وزیر کے اس گھناؤنے بیان پر سندھ سے متعلق حالیہ بیان پر سندھ سمیت پاکستان بھر میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی۔
پاکستان نے اس بیان کی شدید مذمت کی، ترجمان دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بھارتی قیادت پر زور دیا گیا کہ وہ ایسے اشتعال انگیز بیانات سے گریز کرے جو خطے کے امن اور استحکام کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔ انڈیا کے لیے بہتر ہو گا کہ وہ اپنے ملک میں کمزور اور اقلیتی برادریوں کی سکیورٹی کو یقینی بنائے، اُن عناصر کا احتساب کرے جو اُن کے خلاف تشدد کو ہوا دیتے ہیں اور مذہبی تعصب اور تاریخی طور پر مسخ ہونے کی بنیاد پر کی جانے والی ناانصافیوں کو ختم کرے۔
ریمارک نیوز کی اپ ڈیٹس واٹس ایپ پر حاصل کریںچینل فالو کرنے کے لیے کلک کریں
