سندھیوں کی عید ’سندھ کلچر ڈے‘، ہر طرف جشن کا سماں

سندھ دھرتی سے محبت کا اظہار
سندھ سمیت دنیا کے کونے کونے میں بسنے والے کروڑوں سندھی آج ’سندھ کلچر ڈے‘ بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منا رہے ہیں۔ ہر عمر کے لوگ روایتی سندھی ٹوپی، اجرک اور ثقافتی لباس زیبِ تن کیے اپنی دھرتی کی تاریخ، محبت اور شناخت کا اظہار کر رہے ہیں۔
کراچی، حيدرآباد پریس کلب سمیت شہر کے مختلف مقامات پر خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے، جہاں ثقافتی جلوس، ڈانس پرفارمنسز اور موسیقی کے رنگ ایک تہوارانہ ماحول پیدا کر رہے ہیں۔ مختلف شہروں اور دیہات میں بھی ریلیاں نکالی جا رہی ہیں، جبکہ میوزیکل شوز، نمائشیں اور ٹیبلوز کے ذریعے سندھ کی قدیم تہذیب اور ورثے کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔
بچے بھی اشعار، لوک گیتوں اور ثقافتی رقص کے ذریعے اپنی سرزمین سے وابستگی کا جس انداز میں اظہار کر رہے ہیں، وہ دیکھنے والوں کو متاثر کر رہا ہے۔
اس موقع پر سندھی ٹوپی، اجرک اور دیگر ثقافتی مصنوعات کی خریداری میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جبکہ علاقائی دھنیں اور لوک موسیقی اس تہوار کے حسن کو مزید دوبالا کر رہی ہیں۔
سندھ کلچر ڈے صوبے کی شاندار تاریخ، رنگین ورثے اور صوفیانہ اقدار کو نئی نسل تک پہنچانے کا ایک خوبصورت ذریعہ بن چکا ہے۔
