کے پی کے میں فائرنگ کے واقعات، 4 پولیس اہلکار شہید

خیبر پختونخوا کے اضلاع لکی مروت اور بنوں میں فائرنگ کے الگ الگ واقعات میں 4 پولیس اہلکار شہید ہو گئے، جس سے علاقے میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
لکی مروت پولیس کے ترجمان کے مطابق تحصیل سرائے نورنگ میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ڈیوٹی پر مامور 3 ٹریفک پولیس اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گئے۔
شہداء میں انچارج ٹریفک پولیس نورنگ جلال خان، کانسٹیبل عزیز اللہ اور کانسٹیبل عبداللہ شامل ہیں،واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جبکہ شہید اہلکاروں کی لاشیں تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال سرائے نورنگ منتقل کر دی گئیں۔
دوسری جانب بنوں کے علاقے منڈان میں بھی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے پولیس کانسٹیبل رشید خان کو نشانہ بنایا۔
بنوں پولیس کے مطابق رشید خان گھر سے ڈیوٹی کے لیے تھانا منڈان جا رہے تھے کہ راستے میں مسلح افراد کی فائرنگ سے شہید ہو گئے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے لکی مروت میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ٹریفک پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ نہایت افسوسناک ہے، تاہم شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ بزدلانہ حملوں سے ملک دشمن عناصر اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔ پولیس اہلکار دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر سخت سزا دی جائے گی، صوبائی حکومت پولیس فورس کے ساتھ کھڑی ہے اور شہداء کے اہل خانہ کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔
