تھر پارکر سے پورٹ قاسم تک ٹرین چلے گی، 6 ارب روپے منظور

فوراً فنڈز جاری کرنے کی ہدایت
کراچی: سندھ کابینا نے تھر سے پورٹ قاسم تک ریلوے لائین بچھانے کے لیے 6 ارب روپے کی منظوری دے دی، وزیر اعلیٰ سندھ نے فوری طور پر فنڈز جاری کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیر اعلیٰ ہائوس میں سندھ کابینا کے اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ اسلام کوٹ تا چھوڑ اور بن قاسم سے پورٹ قاسم تک ریلوے لائن بچھانے کا کام کیا جائے گا، اس سلسلے میں اکتوبر 2025ء میں سندھ حکومت اور وزارت ریلویز کے درمیان ایم او یو ہوا تھا، ایم او یو کے تحت وزارتِ ریلوے کو تھر سے کوئلے کی نقل و حمل کے لئے ریلوے لائن تعمیر کرنی ہے، پروجیکٹ کے تحت تھر کول سے چھوڑ تک 105 کلومیٹر ریلوے لائن بچھائی جائے گی، بن قاسم سے پورٹ قاسم تک 9 کلومیٹر ڈبل ٹریک ریلوے لائن بچھائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کوئلے کی انلوڈنگ کی سہولت پورٹ قاسم پر بنائی جائے گی، جس میں سندھ حکومت اور وزارتِ ریلویز کے درمیان برابر کی شراکت داری ہے، منصوبے کی ابتدائی لاگت 75 ارب روپے تھی، اراضی کی لاگت بھی 50 فیصد ایکویٹی شیئر کے طور پر شمار ہوگی، پروجیکٹ کی پی سی ون 53.72 ارب روپے منظور ہو چکی ہے، سندھ حکومت 26.86 ارب روپے اور 6.61 ارب روپے پہلے ہی مختص کر چکی ہے، جبکہ اب منصوبے کی کل لاگت 90 ارب روپے ہوگئی ہے۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ سندھ نے وزیراعلیٰ سندھ نے کابینہ کی منظوری سے 6.61 ارب روپے فوری جاری کرنے کی ہدایت کر دی۔
