دبئی اسرائیلی سیاحوں کا سب سے پسندیدہ شہر بن گیا

دبئی جو پہلے ہی دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے ایک پرکشش مقام ہے، اب اسرائیلی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اسرائیلی شہریوں کی سب سے پسندیدہ بین الاقوامی منزل بن چکا ہے۔
ابراہم معاہدوں کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات میں گرمجوشی آئی اور اس کے نتیجے میں دبئی کی سیاحت اسرائیلی عوام کے لیے کھل گئی۔
اسرائیلی چینل 12 سے وابستہ ویب سائٹ Mako کی ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ اسرائیل سے جانے والی پروازیں تمام بین الاقوامی پروازوں کا 10 فیصد سے زیادہ دبئی کے لیے تھیں۔
یہ شرح کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔ دبئی کو خاص طور پر موسمِ سرما کی سب سے مقبول منزل قرار دیا گیا ہے، جب کہ اسرائیلی سیاحوں کے لیے دیگر پسندیدہ شہروں میں ایتھنز، روم، بوداپیسٹ اور نیویارک شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق قریبی فاصلہ اور براہِ راست پروازیں دبئی کو اسرائیلی عوام کے لیے آسان اور پرکشش بناتی ہیں۔
خریداری، تفریح اور جدید سہولیات دبئی کو ایک عالمی معیار کا شہر بناتی ہیں۔ محفوظ ماحول اور قانونی تحفظ بھی اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایک بڑی وجہ ہے کہ اسرائیلی سیاح دبئی کو ترجیح دیتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں یہ رجحان مزید بڑھے گا، خصوصاً مذہبی تہواروں اور تعطیلات کے دوران۔ دبئی کی سیاحت نہ صرف اسرائیلی عوام کے لیے ایک نیا تجربہ ہے بلکہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں بھی ایک مثبت پہلو کو اجاگر کرتی ہے۔
