پاکستان میں سمارٹ میٹرز کی قیمتوں میں 40 فیصد کمی:وفاقی وزیر اویس لغاری

سالانہ کتنی بچت ؟؟
وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری نے اعلان کیا ہے کہ بجلی کے سمارٹ میٹرز کی قیمتوں میں 40 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے، جس سے ملکی سطح پر سالانہ 150 ارب روپے کی بچت ممکن ہوئی ہے۔
سرکاری سطح پر شفافیت، بروقت اقدامات اور بین الاقوامی مسابقتی عمل کو فروغ دینے کے نتیجے میں بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے لیے سمارٹ میٹرز کی خریداری اب کہیں زیادہ سستی ہو گئی ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق تین فیز میٹر کی قیمت 40 ہزار روپے سے کم ہو کر 25 ہزار روپے ہو گئی ہے۔سنگل فیز میٹر کی قیمت میں 7 ہزار روپے کی کمی آئی ہے۔پاکستان انجینئرنگ کونسل کے ریگولیشنز میں بھی مثبت تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
اویس لغاری نے بتایا کہ بین الاقوامی کمپنیوں نے مسابقتی عمل میں بھرپور حصہ لیا اور ان کو درپیش رکاوٹیں دور کی گئیں۔ مسلسل مانیٹرنگ اور شفاف معیار مقرر کرنے سے قیمتوں میں کمی ممکن ہوئی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ نئے سمارٹ میٹرز کی تنصیب سے نہ صرف بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو فائدہ ہوگا بلکہ صارفین کو بھی اربوں روپے کی بچت ہوگی۔ نئے کنکشن کے ڈیمانڈ نوٹس کے اخراجات میں کمی آئے گی۔
