غزہ میں ادویات کا شدید بحران، اسپتالوں میں داخل ہزاروں مریضوں کی زندگیاں خطرے میں!!

انسانی بحران مزید سنگین ہوگیا
غزہ میں دواؤں کی سنگین قلت نے انسانی بحران کو مزید گہرا کر دیا ہے، جس کے باعث اسپتالوں میں زیرِ علاج ہزاروں مریضوں کی جانیں خطرے سے دوچار ہو گئی ہیں۔
غزہ کے محکمۂ صحت کے مطابق ضروری ادویات کی کمی کے باعث علاج معالجے کا نظام شدید دباؤ کا شکار ہے۔ محکمۂ صحت کا کہنا ہے کہ لیبارٹری ٹیسٹس اور بلڈ بینک سے متعلق طبی سامان کی قلت 59 فیصد تک پہنچ چکی ہے، جس کے باعث مریضوں کی بروقت تشخیص اور ہنگامی طبی امداد میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
غزہ کے مختلف اسپتالوں میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں کے مطابق کئی ایسی بنیادی اور جان بچانے والی ادویات مکمل طور پر ختم ہو چکی ہیں جن کے بغیر علاج ممکن نہیں۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ محدود وسائل اور مسلسل قلت کے باعث مریضوں کی صحت یابی دن بدن مشکل ہوتی جا رہی ہے۔
طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری طور پر ادویات اور طبی سامان کی فراہمی نہ کی گئی تو صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے اور انسانی جانوں کا نقصان بڑھنے کا خدشہ ہے۔
