سندھ کلچر ڈے: کراچی پولیس نے ریلی کے شرکا پر دہشتگردی کا مقدمہ درج کرلیا

تین سو سے زائد افراد نامزد
کراچی: صدر تھانے کے پولیس نے سندھ کلچرل فیسٹیول میں شرکت کے لیے جانے والے افراد کے خلاف انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔
صدر تھانے کی پولیس نے سرکار کی مدعیت میں سندھ کلچرل فیسٹیول کی ریلی کے شرکا کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، جس میں پولیس کی جانب سے دہشتگردی، ہنگامہ آرائی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
پولیس نے مقدمے میں 300 سے زائد افراد کو ملزم نامزد کرتے ہوئے 12 افراد کی گرفتاری ظاہر کردی ہے۔
پولیس کے مطابق حکومت سندھ کیجانب سے دفعہ 144 نافذ ہے، تاہم ریلی 300 سے 400 افراد پر مشتمل تھی، شرکاء کو روکا گیا تو انہوں نے احتجاجاً شاہراع فیصل کے دونوں ٹریک بند کردیے۔ ریلی میں شامل افراد نے پوليس پر ڈنڈوں اور پتھروں سے حملہ کیا اور فائرنگ بھی کی۔
پولیس نے الزام لگایا کہ ریلی کے دوران مشتعل افراد نے ریڈ بس، پوليس موبائل، ایمبولینس اور دیگر گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچایا۔
خیال رہے گذشتہ روز 7 دسمبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں رہنے والے سندھیوں نے سندھ کلچرل ڈے منایا۔ کراچی پریس کلب کے سامنے سندھ کلچر ڈے کی مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں شرکت کے لئے لوگ جا رہے تھے تو شاہراع فیصل پر پولیس نے روک لیا، جس کے بعد تصادم کی صورتحال پیدا ہوئی اور پولیس نے بارہ سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا، جس میں 10 سے 15 سال کے لڑکے بھی شامل تھے۔ رات دیر گئے وکلا کے دھرنے کے بعد پولیس نے گرفتار نوجوانوں کو آزاد کردیا تھا۔
