طلبہ رہنما غنی امان چانڈیو اور سرمد میرانی کی ضمانت منسوخ

زبانی ضمانت کا عدالتی حکمنامہ کالعدم قرار
کراچی: انسدادِ دہشت گردی عدالت میں غنی امان چانڈیو اور سرمد میرانی کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر سماعت ہوئی، پراسیکیوشن نے 27 نومبر کے زبانی ضمانت کے حکم کو چیلنج کردیا تھا۔
دوران سماعت پراسکیوٹرز نے ماتحت عدالت کو بتایا کہ عدالت نے بغیر ریکارڈ دیکھے جلد بازی میں زبانی ضمانت دی، جبکہ کیس ابھی تفتیش کے ابتدائی مراحل میں ہے اور چالان بھی جمع نہیں ہوا۔
عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ تھریڈ شیڈول اے ٹی اے 1997 کے تحت آتا ہے۔ بعد ازاں عدالت نے غنی امان چانڈیو اور سرمد میرانی کی ضمانت منسوخ کرتے ہوئے ضمانت سے متعلق حکمنامہ کالعدم قرار دے دیا۔
پراسکیوشن کے مطابق ملزمان غنی امان چانڈیو اور سرمد میرانی پر ریاست مخالف سرگرمیوں اور نفرت انگیز مواد پھیلانے کا الزام ہے، جبکہ سی ٹی ڈی نے یکم نومبر کو مبینہ مخبری پر مچھر کالونی ریلوے ٹریک کے قریب دو ملزمان کو گرفتار کیا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان کے قبضے سے دستی بم اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا تھا۔
