رنویر سنگھ کی نئی فلم ’دھرندھر‘ کا باکس آفس پر راج

ممبئی: آدتیہ دھر کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم دھرندھر ریلیز کے بعد بڑے پردے پر چھا گئی۔
رنویر سنگھ کی ایکشن سے بھرپور نئی فلم نہ صرف بڑے شہروں میں شائقین کو اپنی طرف کھینچ رہی ہے بلکہ زبردست عوامی پذیرائی کی وجہ سے محض تین دن میں 100 کروڑ روپے کا بزنس کر چکی ہے۔
5 دسمبر 2025 کو ریلیز ہونے والی اس فلم کے پہلے پارٹ میں رنویر سنگھ کے ساتھ آر مادھون، سنجے دت، ارجن رامپال، اکشے کھنہ اور سارا ارجن بھی اہم کرداروں میں نظر آئے۔
ریلیز سے پہلے ہی فلم کو سال کی سب سے زیادہ متوقع فلموں میں شمار کیا جا رہا تھا۔
باکس آفس کلیکشن
پہلے دن فلم نے 27 کروڑ روپے کمائے۔ دوسرے دن کلیکشن بڑھ کر 32 کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔ ہفتے کے آخر تک فلم نے مجموعی طور پر تین دن میں 100 کروڑ روپے کا سنگِ میل عبور کر لیا۔
عوامی ردِعمل
فلم کے شوز میں رش بڑھتا گیا، صبح کے شوز کی اوکیوپینسی 15 فیصد سے بڑھ کر 18 فیصد ہوئی۔ دوپہر کے شوز میں بھی اضافہ ہوا، جو 28 فیصد سے بڑھ کر 35 فیصد تک پہنچ گیا۔
ناظرین کا کہنا ہے کہ فلم کی کہانی اور ایکشن نے انہیں متاثر کیا ہے، اب انہیں فلم کے دوسرے پارٹ کا بے صبری سے انتظار ہے، کیونکہ وہ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ چوہدری اسلم کی مدد سے رحمان ڈکیت کو موت کی گھاٹ اتارنے والے حمزہ علی مزاری (رنویر سنگھ) لیاری کے بے تاج بادشاہ بن پائیں گے یا نہیں اور آگے کیا ہوگا؟
