کم عمری میں ہراساں کیا گیا: ملکہ برطانیہ کا انکشاف، واقعہ سنا دیا

ملکہ برطانیہ کمیلا نے ایک انٹرویو میں اپنی زندگی کے ایک تلخ تجربے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ کم عمری میں انہیں ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ملکہ کمیلا کے مطابق یہ واقعہ ان کے نوجوانی کے دنوں کا ہے، جب وہ ٹرین میں سفر کر رہی تھیں اور خاموشی سے کتاب پڑھ رہی تھیں۔ اسی دوران ایک اجنبی شخص نے اچانک ان کے ساتھ بدسلوکی کی کوشش کی، اس غیر متوقع اور خوفناک صورتحال میں انہیں اپنی والدہ کی ایک نصیحت یاد آئی، جس سے انہیں حوصلہ ملا۔
انہوں نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوراً اپنا جوتا اتارا اور خود کو بچانے کے لیے حملہ آور کی طرف دے مارا، پھر موقع ملتے ہی ٹرین سے اتر گئیں، اس وقت ان کی عمر تقریباً 16 یا 17 سال تھی۔
ملکہ کمیلا نے بتایا کہ یہ واقعہ طویل عرصے تک ان کے ذہن پر گہرا اثر ڈالے رہا اور آج بھی جب گھریلو تشدد یا ہراسانی جیسے موضوعات زیرِ بحث آتے ہیں تو وہ تلخ یاد تازہ ہو جاتی ہے جو انہیں اب بھی بے چین کر دیتی ہے۔
