پاکستان سے تہران اور استنبول تک ٹرین چلے گی

مگر کب چلے گی یہ ٹرین؟
پاکستان سے تہران اور پھر استنبول تک ٹرین چلے گی
اسلام آباد میں پاکستان کے وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی اور پاکستان میں ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ایرانی کمرشل کونسلر محترمہ کمالی مقدم بھی موجود تھیں۔
گفتگو میں دونوں ممالک نے آپس کے تعلقات مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ فریقین نے فیصلہ کیا کہ اسلام آباد–تہران–استنبول (ITI) مال بردار ٹرین کو اسی سال دوبارہ بحال کیا جائے گا۔
ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت بڑھانے، درآمدات و برآمدات میں اضافہ کرنے اور ریلوے کے ذریعے علاقائی روابط مضبوط کرنے پر زور دیا گیا۔
وزیرِ ریلوے نے کہا کہ تجارت میں اضافہ نہ صرف ریلوے کی آمدن بلکہ ملکی معیشت کے لیے بھی فائدہ مند ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق خطے کو ریلوے کے ذریعے جوڑنا حکومت کی اہم ترجیح ہے۔
ایرانی سفیر نے وزیرِ ریلوے کو ایران کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔ وزیرِ ریلوے نے کہا کہ ایران میں زیارات کرنا ان کے لیے اعزاز ہوگا اور وہ ایرانی ریلوے نظام کا جائزہ بھی لیں گے۔
