جعلی پاکستانی کرنسی کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام، ملزم پکڑا گیا

لاکھوں کے جعلی نوٹ برآمد
اسلام آباد: فیڈرل انویسٹیگیشن ایجسنی ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل نے جعلی پاکستانی کرنسی کی اسمگلنگ ناکام بناتے ہوئے بس ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران 45 لاکھ روپے مالیت کے جعلی نوٹ برآمد ہوئے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ٹیم کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی، جس کی بنیاد پر اٹک کے ایم-1 ٹول پلازہ کے قریب چھاپہ مارا گیا اور نوشہرہ کے رہائشی بس ڈرائیور راویز خان کے قبضے سے 800 جعلی نوٹ برآمد ہوئے، جن کی مجموعی مالیت 40 لاکھ روپے بنتی ہے۔
ایف آئی اے حکام نے مزید بتایا کہ ملزم نے نوٹ انتہائی مہارت سے اپنے کپڑوں میں چھپائے تھے اور بس کو پشاور سے ملتان لے جا رہا تھا۔
ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ ملزم کئی ماہ سے جعلی نوٹ کی ترسیل میں ملوث ہے۔ وہ پشاور کے ایک رکشہ ڈرائیور سے نوٹ وصول کرتا اور انہیں ملتان میں اپنے ساتھی کو دیتا تھا، جس کے بدلے اسے ایک لاکھ روپے مالیت کے نوٹ کی حوالگی پر صرف 2000 روپے کمیشن ملتا تھا۔ ملزم اس سے قبل بھی ملتان میں جعلی نوٹ کی ترسیل کر چکا ہے۔
