انگریزی امتحان میں فیل ہزاروں تارکینِ وطن کو برطانوی ویزے جاری ہونے کا انکشاف

تحقیقات کے بعد ویزے منسوخ ہونگے؟
لندن: برطانوی اخبار دی ٹیلیگراف کی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ تقریباً 80,000 امیدوار جو انگریزی زبان کے لازمی امتحان میں فیل ہوئے، انہیں غلطی سے پاس قرار دیا گیا اور اس کے نتیجے میں ہزاروں تارکینِ وطن کو ویزے مل گئے۔
رپورٹ کے مطابق غلطی 2023 سے 2025 کے درمیان ہونے والے IELTS اور General/Academic امتحانات میں پیش آئی۔ متاثرہ افراد میں طالب علم، کارکن اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے شامل ہیں، جنہیں انگریزی زبان کی مطلوبہ مہارت حاصل نہ ہونے کے باوجود ویزے جاری کر دیے گئے۔
حکومت برطانیہ نے اس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور کہا ہے کہ ایسے غیر مستحق ویزہ ہولڈرز کا جائزہ لیا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر ویزے منسوخ کیے جا سکتے ہیں۔ اپوزیشن کے رہنما بھی مطالبہ کر رہے ہیں کہ اس مسئلے کا فوری اور شفاف حل نکالا جائے تاکہ ویزہ نظام کی ساکھ برقرار رہے۔
یہ واقعہ برطانیہ کے امیگریشن نظام میں خامیوں کو اجاگر کرتا ہے اور سوالات اٹھاتا ہے کہ کس طرح لاکھوں امیدواروں کو درست طریقے سے جانچا نہیں گیا۔
