جنوبی افریقہ میں بار کے باہر مسلح افراد نے شہریوں پر گولیاں برسادیں، 9 افراد ہلاک

خوفناک حملے کی وجہ کیا بنی؟
جوہانسبرگ: جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ کے مضافاتی علاقے بیکرزڈال ٹاؤن شپ میں ایک بار کے باہر نامعلوم مسلح افراد نے ہتھیاروں کے منہ کھول دیئے، اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی رات تقریباً ایک بجے پیش آیا، اس دوران دو گاڑیوں پر سوار مسلح افراد نے بار کے باہر موجود لوگوں پر گولیاں چلائیں اور فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق حملے کے دوران سڑکوں پر موجود کئی افراد بھی زد میں آئے، زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں بعض کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس نے کہا ہے کہ واقعے کے محرکات معلوم نہیں ہو سکے اور حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ مشتبہ افراد کے بارے میں معلومات فراہم کریں تاکہ حملہ آوروں کو جلد گرفتار کیا جا سکے۔
