آمدنی کی غیر منصفانہ تقسیم، پاکستان سمیت کونسا ملک کس نمبر پر؟؟؟

بھارت دنیا میں آمدنی کی غیر منصفانہ تقسیم رکھنے والا چھٹا بڑا ملک
ورلڈ اِن اکوالٹی رپورٹ 2026 کے مطابق بھارت دنیا میں آمدنی کی غیر منصفانہ تقسیم رکھنے والا چھٹا بڑا ملک بن گیا ہے، جبکہ پاکستان اس فہرست میں 24 ویں نمبر پر ہے۔
رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقا اس فہرست میں سرفہرست ہے، جہاں ٹاپ 10 فی صد طبقہ مجموعی آمدنی کا 66 فی صد حصہ کماتا ہے، جبکہ نچلے 50 فی صد طبقے کی آمدنی صرف 6 فی صد ہے۔
برازیل، میکسیکو، چلی اور کولمبیا جیسے لاطینی امریکی ممالک میں بھی یہی رجحان دیکھا گیا، جہاں 10 فی صد امراء کی آمدنی تقریباً 60 فی صد ہے۔
یورپی ممالک میں آمدنی کی تقسیم نسبتاً متوازن ہے۔ سوئیڈن اور ناروے میں نچلے 50 فی صد طبقے کی آمدنی 25 فی صد ہے، جبکہ ٹاپ 10 فی صد طبقہ 30 فی صد سے کم آمدنی حاصل کرتا ہے۔
ترقی یافتہ معیشتوں جیسے آسٹریلیا، کینیڈا، جرمنی، جاپان اور برطانیہ میں آمدنی کی تقسیم متوسط سطح پر ہے۔ یہاں ٹاپ 10 فی صد افراد 33 سے 47 فی صد آمدنی کماتے ہیں، جبکہ نچلا 50
فی صد طبقہ 16 سے 21 فی صد آمدنی حاصل کرتا ہے۔
ایشیا میں صورتحال ملی جلی ہے۔ چین، پاکستان اور بنگلادیش میں ٹاپ 10 فی صد طبقہ بالترتیب 43، 42 اور 41 فی صد آمدنی کماتا ہے، جبکہ نچلا 50 فی صد طبقہ 14، 19 اور 19 فی صد آمدنی حاصل کرتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارت، جو دنیا کی بڑی معیشتوں میں شمار ہوتا ہے، آمدنی کی غیر منصفانہ تقسیم میں چھٹے نمبر پر ہے، جبکہ ترکیے ساتویں نمبر پر ہے۔
