لیہ: بستی ککڑ والا میں سیوریج کے کھلے گڑھے میں گرنے سے دو سالہ بچہ جاں بحق

ننھا پھول مرجھا گیا
لیہ کی بستی ککڑ والا میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں دو سالہ شیر افضل خان کھیلتے ہوئے گھر کے قریب موجود سیوریج کے کھلے گڑھے میں گر کر جاں بحق ہوگیا۔
اہلِ خانہ کے مطابق کافی دیر تک بچہ نظر نہ آنے پر تلاش شروع کی گئی تو گڑھے کے قریب اس کا جوتا ملا، جس پر شبہ ہوا۔ بعد ازاں گڑھے میں تلاش کے دوران بچے کی لاش برآمد ہوئی۔

اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ علاقے میں سیوریج کا کوئی باقاعدہ نظام موجود نہیں، جس کے باعث مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت گڑھے بنائے تھے۔ مقامی افراد کے مطابق وہ گزشتہ چھ سال سے سیاسی نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ کو درخواستیں دے رہے ہیں لیکن تاحال کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔

بچے کے والد آدم خان نے کہا کہ سیوریج کے نظام کی عدم موجودگی نے ان کے خاندان کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ متاثرہ خاندان اور علاقہ مکینوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے واقعے کا نوٹس لینے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
