پاکستانی روئز نے تھائی لینڈ ریگاٹا میں دھوم مچا دی،14 گولڈ میڈل جیت لیے

پاکستان ایونٹ میں سب سے زیادہ میڈلز جیتنے والا ملک بن گیا
تھائی لینڈ: پاکستانی روئرز نے تھائی لینڈ میں ہونے والے انٹرنیشنل روئنگ ریگاٹا میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 14 گولڈ، 4 سلور اور 2 برانز میڈل اپنے نام کر لیے۔
تھائی لینڈ میں منعقد ہونے والے اس تین روزہ ایونٹ میں 8 ممالک کے 200 سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔
پاکستانی ٹیم نے کوچ اصغر علی کی قیادت میں مختلف کیٹگریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ایونٹ کے سب سے زیادہ میڈلز جیتنے والے ملک کے طور پر اپنی پہچان بنائی۔
فرید محمد عارف نے سب کی توجہ اپنی جانب مرکوز کی اور 6 گولڈ اور 2 سلور میڈلز جیت کر ایونٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ خواتین روئرز میں عنایہ زیدی نے 5 گولڈ میڈلز جیت کر بہترین ویمن روئر کا اعزاز حاصل کیا۔
اس کے علاوہ سابق ٹیسٹ کرکٹر فیصل اقبال کی صاحبزادی حوریا فیصل نے بھی ایک گولڈ میڈل جیت کر پاکستانی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
یہ کارنامہ نہ صرف پاکستانی روئنگ کے لیے اعزاز کی بات ہے بلکہ یہ نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا پرچم بلند کرنے کی ترغیب بھی دیتا ہے۔
