ظہران ممدانی نے وینزویلا پر حملے کو عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیدیا

وینزویلا کے صدر کی گرفتاری کی مذمت
نیویارک: امریکا میں ڈیموکریٹ رہنما اور نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے وینزویلا پر امریکی فوجی حملے اور صدر نکولس مادورو کی گرفتاری کو عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ظہران ممدانی کا کہنا ہے کہ کسی خودمختار ملک پر فوجی کارروائی کرنا اور اس کی قیادت کو طاقت کے ذریعے گرفتار کرنا بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے چارٹر اور ریاستی خودمختاری کے اصولوں کے منافی ہے، اس اقدام کو عملی طور پر جنگ کے مترادف قرار دیا۔
ظہران ممدانی نے کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں نہ صرف عالمی سطح پر خطرناک مثال قائم کرتی ہیں بلکہ خطے میں مزید عدم استحکام اور کشیدگی کو بھی جنم دے سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کو عالمی پولیس بننے کے بجائے بین الاقوامی قوانین کا احترام کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وینزویلا میں کی گئی فوجی مداخلت سے انسانی بحران مزید گہرا ہونے کا خدشہ ہے اور اس کے اثرات لاطینی امریکا سمیت دنیا بھر میں محسوس کیے جا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی حملے اور وینزویلا کے صدر کی گرفتاری پر عالمی سطح پر ردعمل سامنے آ رہا ہے، جبکہ متعدد ممالک اور سیاسی رہنماؤں نے اس کارروائی کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
