حماس کے عسکری ترجمان ’ابو عبیدہ‘ شہید، فلسطینی تنظیم نے تصدیق کردی

فلسطینی تنظیم حماس نے تصدیق کی ہے کہ اس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ شہید ہو گئے ہیں۔
القسام کے نئے ترجمان نے ایک ویڈیو بیان میں ابو عبیدہ سمیت کئی دیگر کمانڈروں کی شہادت کی تصدیق کی۔ ان میں محمد السنوار، رائد سعد، محمد شبانہ اور حکم العیسیٰ شامل ہیں، جو اسرائیلی حملوں میں شہید ہوئے۔
بیان میں ابو عبیدہ کا اصل نام حذیفہ الکحلوت بتایا گیا، جو القسام کے میڈیا ونگ "الاعلام العسکری" کے سربراہ تھے۔ ترجمان نے وضاحت کی کہ یحییٰ السنوار کے بھائی محمد السنوار، شہید کمانڈر محمد الضیف کے بعد القسام بریگیڈ کے سربراہ تھے۔
حماس نے یہ بھی بتایا کہ نئے ترجمان کو بھی "ابو عبیدہ" کے نام سے متعارف
کرایا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ حذیفہ الکحلوت نے اپنے پیچھے یہ لقب چھوڑا ہے، اور اب یہی نام نئے ترجمان کے لیے استعمال ہوگا۔
حذیفہ الکحلوت نے دو دہائیوں سے زیادہ عرصے تک القسام بریگیڈ کے ترجمان کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور میڈیا ونگ کو جدید انداز میں منظم کیا۔ یاد رہے کہ اسرائیل نے رواں سال اگست میں ابو عبیدہ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔
