ویلفئیر اتاشی وائسرائے نہیں لگے، کروڑوں خرچ کر رہے ہیں لیکن کام نہیں کرتے: قائمہ کمیٹی میں شکایات کا انبار لگ گیا

ریاض میں دو ویلفیر اتاشی میاں بیوی ہیں
اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانی امور کے اجلاس میں گلف ممالک میں کمیونٹی ویلفئیر اتاشی کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ممبر آغا رفیع اللہ نے کہا کہ ویلفئیر اتاشی کی کارکردگی چاہئے، ایسا نہ ہو کہ ہاکستانی باہر سے فون کریں کہ ویلفئیر اتاشی کام نہیں کر رہے، ہمیں معلومات نہ دیں پروگریس دیں۔
مہرین رزاق نے کہا کہ ریاض میں دو ویلفیر اتاشی میاں بیوی ہیں، وہ اکھٹے چھٹی پر ہیں، کیا انھیں اکھٹے چھٹی دینی چاہئے تھی؟ ایک اتاشی کی مدت ختم ہوئے آٹھ ماہ ہو گئے لیکن وہ وہیں پر موجود ہیں۔ ہم کروڑوں روپے ان ویلفئیر اتاشی پر خرچ کر رہے ہیں، بتایا جائے وہ کیا کر رہے ہیں؟ ویلفیر اتاشی وہ کام نہیں کر رہے جو انھیں کرنا چاہئے۔
اجلاس میں سیکریٹری سمندر پارپاکستانی نے بتایا کہ ویلفیر اتاشی سفارشی نہیں ہوتے، بلکہ میرٹ پر ٹیسٹ پاس کر کے آتے ہیں۔ جب تک دوسرا ویلفیر اتاشی نہیں آتا تب تک موجودہ اتاشی ذمہ داریاں جاری رکھتا ہے۔
اس پر آغا رفیق اللہ نے کہا کہ ویلفئیر اتاشی کو میرٹ پر بھرتی کیا تو وہ کارکردگی دیکھائیں نا۔ جبکہ مہرین رزاق نے کہا کہ ویلفئیر اتاشی وائسرائے نہیں لگے ہوئے، وہ مرعات لے رہے ہیں لیکن کام نہیں کرتے۔
