برطانیہ میں ڈاکٹرز سراپا احتجاج کیوں؟، 5روزہ ہڑتال جاری، نظام صحت سخت متاثر

لندن:انگلینڈ میں ڈاکٹروں کی جانب سے تنخواہ اور مالی مطالبات،کام کے اوقات اور دباؤ اور صحت عامہ کے نظام کی صورتحال کے پیش نظر پانچ روزہ ہڑتال کا آج دوسرا روز ہے، جس کے باعث کچھ اسپتالوں کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹس عارضی طور پر بند ہوگئے ہیں۔
ہڑتال کی وجہ سے غیر ہنگامی سروسز متاثر ہوئی ہیں اور مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریباً 70 ہزار آپریشنز اور اپائنٹمنٹس ملتوی ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ فلو کی شدید لہر کے باعث اسپتالوں پر دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔
وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے ہڑتالی ڈاکٹروں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مریضوں کو بے یارو مددگار نہیں چھوڑنا چاہیے اور سروسز کی بحالی کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ہڑتال جاری رہی تو صحت عامہ کے نظام پر دباؤ مزید بڑھ سکتا ہے اور ایمرجنسی سروسز کی دستیابی متاثر ہو سکتی ہے۔
