بنگلہ دیشی نوجوان 1971کی جنگ میں بھارت کے کردار کو شک کی نگاہ سے کیوں دیکھتے ہیں؟

نئی تحقیق میں حیران کن انکشاف
ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں نئی تحقیق سے انکشاف ہوا ہے کہ نوجوان نسل جو 1971 کی آزادی کی جنگ کا براہِ راست تجربہ نہیں رکھتی، وہ بھارت کے کردار کو روایت کے مطابق مثبت نہیں دیکھتی بلکہ اس پر سوالات اٹھا رہی ہے۔
یہ رپورٹ پری پرنٹس آرگنائیزیشب پر شائع کی گئی ہے، جو سوئٹزرلینڈ میں مقیم ایم ڈی پی آئی پبلشر کی جانب سے چلایا جانے والا ایک بین الاقوامی، اوپن ایکسیس پلیٹ فارم ہے۔
رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیشی نوجوان زیادہ تر سوشل میڈیا، تعلیمی نصاب اور سیاسی مباحث کی بنیاد پر بھارت کے کردار کو غلبہ پسند اتحادی کے طور پر دیکھتے ہیں، جبکہ مکتی بہانی کی جدوجہد کو اصل قوت سمجھتے ہیں۔
تحقیق میں کہا گیا ہے کہ نوجوان بھارت کی جانب سے تاریخی روایت میں بعض کردار اور واقعات کو مبالغہ آرائی کے ساتھ پیش کرنے پر شک کرتے ہیں اور انہیں لگتا ہے کہ بھارت نے 1971 کی جنگ میں اپنے سیاسی اور اقتصادی مفادات کے تحت اقدامات کیے۔ اسی وجہ سے نئی نسل بھارت کے کردار کو صرف ایک مددگار اتحادی کے طور پر نہیں بلکہ مشروط اور متنازعہ کے طور پر دیکھ رہی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ رجحان تاریخی تشریح، نصاب، سوشل میڈیا اثرات اور عالمی سیاسی مباحث کی وجہ سے سامنے آیا ہے، جس نے روایتی نقطۂ نظر میں فرق اور بحث کو جنم دیا ہے۔
