فلم ’’کٹر کراچی‘‘ کے ہدایتکار کا صدر زرداری پر فلم بنانے کا ارادہ، کس اداکار کا انتخاب کریں گے؟

ہدایتکار عبدالولی بلوچ نے بتا دیا
لکس اسٹائل ایوارڈز 2025 میں فلم "کٹر کراچی" نے ناظرین کی پسندیدہ بہترین فلم کا اعزاز حاصل کیا۔ اگرچہ اس فلم کو مختصر دورانیے اور کمزور کہانی کے باعث ناقدین کی جانب سے تنقید کا سامنا رہا، لیکن عوامی ووٹوں نے اسے کامیابی دلائی۔

فلم کے ڈائریکٹر عبدالولی بلوچ نے حال ہی میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے آئندہ منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کراچی کے حوالے سے اگلی فلم کس شخصیت پر بنانا چاہیں گے تو انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ صدر آصف علی زرداری کی زندگی پر فلم بنائی جائے۔
عبدالولی بلوچ کے مطابق انہوں نے پاکستان میں زرداری جیسی شخصیت نہیں دیکھی، اسی لیے وہ چاہتے ہیں کہ ان کی زندگی کو بڑے پردے پر دکھایا جائے۔
آصف علی زرداری پر فلم میں مرکزی کردار کیلئے اداکار کے انتخاب کے سوال پر عبدالولی بلوچ نے کہا کہ یہ فیصلہ آسان نہیں ہوگا، تاہم مشابہت کی بنیاد پر انہیں لگتا ہے کہ شبیر جان اس کردار کو نبھا سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شبیر جان ایک قابل فنکار ہیں، لیکن صدر زرداری کے کردار کے لیے شاید طویل تلاش کے بعد ہی کوئی موزوں اداکار سامنے آئے، اور اس کا فیصلہ وہ ناظرین پر چھوڑتے ہیں۔
