ایلون مسک کی اہلیہ شیوان زیلس کے ’لے پالک‘ ہونے کا انکشاف

مسلک کے دلچسپ انکشافات
ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سی ای او ایلون مسک نے حال ہی میں اپنی شریکِ حیات شیوان زیلیس کے خاندانی پس منظر سے متعلق دلچسپ انکشافات کیے ہیں۔
ایلون مسک کے بقول شیوان بھارتی نژاد ہیں اور بچپن میں ہی گود لے لی گئی تھیں۔ ان کے والد کے بارے میں معلوم ہے کہ وہ بھارت سے کینیڈا کسی یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے آئے تھے، جبکہ شیوان خود کینیڈا میں پلی بڑھی ہیں۔
مسک نے بتایا کہ ان کے ایک بیٹے کا مڈل نام ’شیکھر‘ ہے، جو بھارتی نژاد امریکی ماہرِ طبیعیات اور نوبیل انعام یافتہ سبراہمین چندر شیکھر کے نام پر رکھا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ایلون مسلک کی اہلیہ شیوان زیلس نے 2017 میں مسک کی کمپنی نیورالنک میں شمولیت اختیار کی، جہاں وہ ڈائریکٹر آف آپریشنز اور اسپیشل پروجیکٹس کے طور پر کام کر رہی ہیں۔ ییل یونیورسٹی سے اکنامکس اور فلاسفی میں ڈگری حاصل کرنے والی شیوان اور ایلون مسک کے چار بچے ہیں، جڑواں بیٹے اسٹرائیڈر اور ازورے، بیٹی آرکاڈیا اور بیٹا سیلڈن لائکورگس۔ تاہم تین مختلف خواتین کے ساتھ ایلون مسک کے 12 بچے ہیں۔ پہلی بیوی جسٹن مسک سے ان کے 5 بچے، گرل فرینڈ، کینیڈین گلوکارہ گرائمز سے 3 بچے ہیں۔
انٹرویو کے دوران مسک نے امریکی امیگریشن کے بارے میں بھی بات کی اور کہا کہ بیرونِ ملک سے آنے والے ٹیلنٹ نے ہمیشہ امریکا کو فائدہ پہنچایا، لیکن اب سخت ویزا پالیسیوں اور غیر یقینی حالات کی وجہ سے امیگریشن کے خواہشمند افراد کے لیے امریکی ویزا حاصل کرنا مشکل ہو رہا ہے۔
مسک نے یہ بھی کہا کہ امریکا کو اب عالمی ٹیلنٹ کی ضرورت کے باوجود پالیسیوں کی وجہ سے اس فائدے میں کمی دکھائی دے رہی ہے۔
