ٹرمپ کی ایک بار پھر فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی تعریف

جنگ میں بھارتی طیاروں کی تباہی کا بھی تذکرہ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی تعریف کی ہے۔
فلوریڈا میں وزیرِ جنگ اور وزیرِ بحری امور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے پاک بھارت کشیدگی اور ممکنہ جنگ کو روکنے میں اپنے کردار کا ذکر کیا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وہ اب تک دنیا میں 8 بڑی جنگیں رکوا چکے ہیں، جن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ ایٹمی تصادم بھی شامل تھا۔ ان کے مطابق اس کشیدگی کے دوران 8 طیارے تباہ ہوئے تھے، تاہم بروقت مداخلت سے حالات کو قابو میں رکھا گیا۔
ٹرمپ نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر ایک قابلِ احترام شخصیت ہیں، جبکہ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف نے ان سے کہا کہ جنگ رکوانے کے باعث ایک کروڑ افراد کی جانیں بچیں۔
پریس کانفرنس کے دوران صدر ٹرمپ نے امریکی بحری طاقت میں اضافے کے بڑے منصوبوں کا بھی اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا 100 گنا زیادہ طاقتور ٹرمپ کلاس بحری جہاز تیار کر رہا ہے، جبکہ 15 جدید آبدوزیں بھی بنائی جا رہی ہیں۔
صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ آبدوز سازی کے میدان میں امریکا چین اور روس سمیت تمام ممالک سے کم از کم 15 سال آگے ہے، اور یہ آبدوزیں دنیا بھر میں امریکا کے مخالفین کے لیے خوف کی علامت بنیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’’وکٹری‘‘ نامی نیا بحری جہاز امریکی فوجی طاقت کو برقرار رکھنے اور جہاز سازی کی صنعت کو بحال کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ان کے مطابق امریکی بحریہ کو دنیا کی سب سے طاقتور بحریہ بنایا جا رہا ہے اور نیوی کے ہیڈکوارٹر کو بھی جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایک دو سال پہلے جو ممالک امریکا پر ہنستے تھے، آج وہ امریکا کا احترام کرتے ہیں۔
