پنجاب میں بڑا ٹریفک کریک ڈاؤن، ہزاروں گرفتاریاں، کروڑوں کے چالان، لاکھوں کے جرمانے

سیکڑوں گاڑیاں ضبط کرلی گئیں
پنجاب پولیس نے صوبے بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف ایک روزہ مؤثر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے بڑی کارروائیاں کیں۔ آپریشن کے دوران مختلف ٹریفک خلاف ورزیوں پر 3,195 افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ 3,215 مقدمات درج کیے گئے۔
پولیس نے 12,800 سے زائد گاڑیاں ضبط کیں جن میں موٹرسائیکلیں اور رکشے بھی شامل ہیں، مجموعی طور پر 50,480 چالان کیے گئے جن کی مالیت 6 کروڑ 30 لاکھ روپے سے زائد رہی۔
دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی کرتے ہوئے 3,511 گاڑیوں پر جرمانے عائد کیے گئے، 384 گاڑیاں ضبط کی گئیں اور 3 گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس بھی تحویل میں لیے گئے۔
روڈ سیفٹی کو بہتر بنانے کے لیے 42,561 ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے، جو ٹریفک نظام میں بہتری کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں 1,438 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے جن میں 16 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 1,652 زخمی ہوئے۔ ان میں سے 677 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا اور 943 افراد کو موقع پر ہی ریسکیو میڈیکل ٹیموں نے طبی امداد فراہم کی۔
پنجاب پولیس کے مطابق یہ کارروائیاں صوبے میں روڈ سیفٹی یقینی بنانے اور ٹریفک قوانین کی موثر عملداری کے لیے پنجاب پولیس کی کوششوں کا حصہ ہیں۔
