تین اہم تہوار و قومی تقریبات، پنجاب میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

لاہور: پنجاب میں تین اہم تہواروں اور قومی تقریبات کے پیش نظر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کرنے اور پولیس سمیت تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے امن و امان کی صورتحال یقینی بنانے کے لیے تفصیلی سیکیورٹی گائیڈ لائنز اور احکامات جاری کر دیے ہیں۔
پنجاب کے محکمہ داخلہ کی جانب آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور، سی پی او راولپنڈی سمیت صوبے بھر کے ریجنل، سٹی اور ضلعی پولیس افسران، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام اضلاع کرسمس، نئے سال اور یوم قائداعظم کے موقع پر جامع اور مؤثر سیکیورٹی پلان ترتیب دیں۔
احکامات کے مطابق گرجا گھروں، سفارتی مشنز اور دیگر عوامی مقامات پر سیکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھا جائے گا۔ تمام گرجا گھروں میں واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور مکمل جسمانی تلاشی کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔
حکام کا مزید کہنا ہے کہ کرسمس کی تقریبات کے دوران حساس مقامات پر 24 گھنٹے پولیس گشت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، یوم قائداعظم کی تقریبات کے لیے تعلیمی اداروں اور سرکاری عمارتوں پر خصوصی سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔
