وینزویلا نے اپنا رویہ درست نہ کیا تو دوبارہ حملہ کریں گے: ٹرمپ کی دھمکی

کیوبا، کولمبیا اور میکسیکو بھی دھمکیاں
امریکی صدر ٹرمپ نے وینزویلا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کو وینزویلا کے تیل اور دیگر قدرتی وسائل تک مکمل رسائی حاصل ہونی چاہیے، وینزویلا کی جانب سے تعاون نہ کیا گیا تو امریکا ایک اور فوجی کارروائی سے گریز نہیں کرے گا۔
ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے وینزویلا میں اقتدار سنبھالنے والی نائب صدر ڈیلسی روڈریگز کو بھی نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے درست فیصلے نہ کیے تو انہیں نکولس مادورو سے بھی زیادہ بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے خطے کے دیگر ممالک کو بھی خبردار کیا۔
ادھر دہشت گردی کے الزامات کے تحت وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو آج نیویارک کی عدالت میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
صدر ٹرمپ نے کیوبا کے حوالے سے بھی سخت مؤقف اپناتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کیوبا کی حکومت جلد خود ہی گرنے والی ہے اور شاید فوجی مداخلت کی ضرورت پیش نہ آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ کیوبا کی معیشت بڑی حد تک وینزویلا پر انحصار کرتی تھی، جو اب ختم ہو چکا ہے۔
کولمبیا کے بارے میں بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہاں ایک ’بیمار ذہن‘ شخص حکومت چلا رہا ہے جو کوکین تیار کرنے اور اسے امریکا فروخت کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے، تاہم یہ صورتحال زیادہ دیر تک برقرار نہیں رہ سکے گی۔
جب صدر ٹرمپ سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ کولمبیا کے خلاف امریکی فوجی آپریشن کی بات کر رہے ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ کولمبیا کی موجودہ حکومت کے خلاف امریکی کارروائی کے امکان کی بات سن کر انہیں اچھا لگا۔
گفتگو کے دوران امریکی صدر نے میکسیکو کو بھی خبردار کیا اور کہا کہ اگر میکسیکو نے اپنا نظام درست نہ کیا تو امریکا کو مداخلت پر مجبور ہونا پڑے گا۔
