انڈر 19 ایشیا کپ کا فائنل: پاکستان نے بھارتی سورماؤں کو دھول چٹا دی

بھارتی ٹیم سمیر کے انفرادی اسکور تک بھی نہ پہنچ سکی
انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو بدترین شکست دے کر پہلی بار ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ پاکستان کے348 رنز کے تعاقب میں بھارتی ٹیم رنز پر 156 ڈھیر ہوگئی اور بھارت کی پوری ٹیم پاکستان کے اوپنر سمیر منہاس کے انفرادی اسکور تک بھی پہنچ نہ پائی۔
بھارت کی جانب سے ویبھو سوریا ونشی 26 اور دیپیش دیویندرن 36رنز بنا کر نمایاں رہے، پاکستان کی جانب سے بالر علی رضا نے 4 وکٹیں حاصل کیں، محمد صیام، عبدالسبحان اور حذیفہ احسن نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز اسکور کیے، اور بھارت کو جیت کے لیے 348 رنز کا ہدف دیا۔
بھارت کے خلاف سمیر منہاس نے 17 چوکے اور 9 چھکوں کی مدد سے دھواں دھار 172 رنز کی اننگز کھیلی، انہوں نے 103 رنز محض 71 گیندوں پر بنائے، سمیر اس ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر ہیں۔
اس کے علاوہ احمد حسین نے 56، عثمان خان نے 35، کپتان فرحان یوسف نے 19 اور حمزہ ظہور نے 18رنز بنائے۔ محمد صیام 13 اور نقاب شفیق 12رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
بھارت کی جانب سے دپیش دیوندرن نے 3، کھیلان پٹیل اور ہینل پٹیل نے 2-2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بھارت نے میچ سے قبل پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
خیال رہے کہ پاکستان 2 بار آئی سی سی انڈر 19ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیت چکا ہے لیکن اب پہلی بار انڈر 19 ایشیا کپ کا بھی فاتح بن گیا۔ 2012 کے انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان، بھارت کے ساتھ مشترکہ طور پر چیمپئن رہا تھا۔
