پاکستان میں 4 سال میں 60 ارب ڈالر کی برآمدات: حکومتی ہدف اور آئی ایم ایف تخمینے میں اربوں ڈالر کا فرق

اسلام آباد: حکومت پاکستان نے 2030 تک ملکی برآمدات 60 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا ہے، لیکن عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے اس ہدف کے برعکس 13 ارب 79 کروڑ ڈالر کمی کا تخمینہ لگایا ہے۔
آئی ایم ایف کی پیشگوئی کے مطابق اگلے مالی سال پاکستان کی مجموعی برآمدات 36 ارب 46 کروڑ ڈالر رہیں گی،مالی سال 2028 میں برآمدات 40 ارب ڈالر اور 2029 میں تقریباً 43 ارب ڈالر تک پہنچیں گی، جبکہ 2030 تک برآمدات 46 ارب ڈالر تک بڑھنے کی توقع ہے، جو حکومت کے 60 ارب ڈالر کے ہدف سے کافی کم ہے۔
دوسری جانب آئی ایم ایف نے مجموعی درآمدات میں بھی اضافے کا تخمینہ لگایا ہے،جس کے تحت رواں مالی سال پاکستان کی درآمدات 64 ارب ڈالر سے زائد رہیں گی، جبکہ 2027 میں 66 ارب 86 کروڑ، 2028 میں 72 ارب 90 کروڑ، 2029 میں 77 ارب اور 2030 میں 82 ارب 81 کروڑ ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے پہلے تین سال میں برآمدات کو 60 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا تھا، لیکن بعد میں اس ہدف کو پانچ سال میں حاصل کرنے کی مدت میں توسیع کر دی گئی۔
اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت اور آئی ایم ایف کے تخمینوں میں اربوں ڈالر کا واضح فرق موجود ہے، جو ملکی برآمدات کی منصوبہ بندی اور معیشتی پالیسیوں میں اہم چیلنج کے طور پر سامنے آ رہا ہے۔
