شکارپور: ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن، فائرنگ میں ڈی ایس پی پارس شوہر سمیت زخمی

پارس کی حالت نازک
شکارپور: شکارپور میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کے دوران مقابلے میں خاتون ڈی ایس پی پارس بکھرانی بھی اپنے شوہر کے ہمراہ زخمی ہوگئیں۔
پولیس کے مطابق مچھر شاہ قبرستان کے نزیک ڈاکوؤں کے ساتھ مقابلہ کرنے والے پولیس اسکواڈ میں لیڈی ڈی ایس پی شکارپور سٹی پارس بکھرانی اور ان کے شوہر ڈی ایس پی گڑہی یاسین ظہور سومرو بھی شامل تھے۔

پولیس نے 9 ڈاکوؤوں کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے لیکن مقابلے کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ میں دو پولیس افسران ڈی ایس پی پارس بکھرانی اور ان کے شوہر ظہور سومرو زخمی ہوئے ہیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ پارس کو سینے اور ظہور کو پیٹ میں گولی لگی، دونوں کو شکارپور سے فوری طور پر سکھر کی ضیا الدین ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں پر ڈی ایس پی پارس کی حالت تشویش ناک قرار دے دی گئی ہے۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ زخمی ڈی ایس پی پارس کو کراچی منتقل کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
خیال رہے ڈی ایس پی پارس بکھرانی اور ڈی ایس پی ظہور سومرو کچھ سال قبل ٹریننگ کے دوران ہی رشتہ ازدواج میں بندھ گئے تھے۔ ضلعہ شکارپور سے قبل افسر جوڑے نے لاڑکانہ میں بھی فرائض انجام دیے تھے۔
