امریکا کے بغیر نیٹو بے بس ہے، روس اور چین صرف امریکا سے ڈرتے ہیں: ٹرمپ کا دعویٰ

’ہم مداخلت نہ کرتے تو روس یوکرین پر قبضہ کر چکا ہوتا‘
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اگر امریکا نیٹو کا حصہ نہ ہوتا تو روس اور چین اس اتحاد کو کوئی اہمیت نہ دیتے۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا کے بغیر نیٹو عملی طور پر بے اثر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ روس اور چین صرف ایک ہی طاقت سے خوفزدہ ہیں اور وہ ہے ان کا “دوبارہ مضبوط بنایا گیا امریکا”۔ صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر آٹھ جنگیں ختم کروانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ناروے، جو نیٹو کا رکن ہے، نے انہیں نوبیل امن انعام کے لیے نامزد نہیں کیا، مگر اس سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ ان کے بقول انہوں نے لاکھوں جانیں بچائیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ ان کے اقتدار میں آنے سے قبل نیٹو کے بیشتر رکن ممالک دفاعی اخراجات سے متعلق اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہے تھے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ انہوں نے نیٹو ممالک کو مجبور کیا کہ وہ دفاعی بجٹ کو اپنی جی ڈی پی کے 5 فیصد تک بڑھائیں، جس کے بعد اب وہ تیزی سے ادائیگیاں کر رہے ہیں۔
امریکی صدر نے اس بات پر بھی شکوک کا اظہار کیا کہ کسی مشکل وقت میں نیٹو امریکا کے ساتھ کھڑا ہوگا یا نہیں، تاہم ان کے مطابق امریکا ہر حال میں نیٹو کا ساتھ دیتا رہے گا، چاہے نیٹو بدلے میں امریکا کے لیے موجود ہو یا نہ ہو۔
آخر میں صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اگر وہ مداخلت نہ کرتے تو روس اب تک پورے یوکرین پر قبضہ جما چکا ہوتا۔
