اب افغانستان جانا خطرے سے خالی نہیں: برطانیہ نے اپنے شہریوں کو خبردار کردیا

برطانوی حکومت نےافغانستان میں سیکیورٹی صورتحال مزید خراب ہونے کے باعث اپنے شہریوں کے لیے افغانستان کا سفر نہ کرنے کی سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔
افغان خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی دفتر خارجہ نے تازہ ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ افغانستان میں پرتشدد واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جب کہ ملک بھر میں سیکیورٹی خطرات بدستور موجود ہیں۔
دوسری جانب برطانوی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سرحدی راستوں کی بندش، محدود نقل و حرکت، اور سفارتی سہولتوں کی عدم دستیابی کے باعث افغانستان کا سفر انتہائی خطرناک ہو چکا ہے۔
برطانوی ایڈوائزری میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ افغانستان میں موجود برطانوی شہریوں کو گرفتاری، حراست اور طویل قید کا سامنا ہو سکتا ہے۔
برطانوی حکومت نے افغانستان میں موجود اپنے شہریوں کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ہدایت بھی جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی شخص افغانستان جانے کا ارادہ رکھتا ہے تو وہ ممکنہ خطرات کا مکمل جائزہ لے۔
